18 جولائی تک اعتراضات کی وصولی ، تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن سے شیڈول کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے جملہ 129 میونسپل کونسلوں اور 3 میونسپل کارپوریشنوں کے لیے منعقد ہونے والے مجوزہ انتخابات سے متعلق مراکز رائے دہی کی قطعی فہرست 19 جولائی کو جاری کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کیا ہے ۔ اس شیڈول کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ پولنگ بوتھس سے متعلق مسودہ جاریہ ماہ 14 جولائی تک متعلقہ بلدیات کے کمشنروں کی جانب سے مرتب کرلیا جائے گا اور 15 جولائی کو پولنگ بوتھس کی اساس پر فہرست کا بلدی کمشنرس اعلان کریں گے اور اسی روز سہ پہر تین بجے سیاسی جماعتوں کے نمائندہ قائدین کے ساتھ اسپیشل آفیسرس و کمشنران بلدیات اجلاس منعقد کریں گے اور مجوزہ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں کیے جانے والے انتظامات سے واقف کروایا جائے گا ۔ کمیشن کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ 17 جولائی شام 5 بجے تک پولنگ بوتھس سے متعلق پائے جانے والے اعتراضات کو قبول کریں گے بلکہ تجاویز بھی قبول کی جائیں گی اور اگر کوئی اعتراضات وصول ہونے کی صورت میں 18 جولائی تک ان اعتراضات کی یکسوئی کر کے مراکز رائے دہی کی فہرست کو قطعیت دیں گے اور 19 جولائی کو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر سے اجازت کے حصول کے فوری بعد جاریہ ماہ 19 جولائی مراکز رائے دہی کی قطعی فہرست جاری کرنے کی سکریٹری ریاستی الیکشن کمیشن مسٹر اشوک کمار نے متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں ۔۔
