بنگلور ۔ 24 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : یوتھ کانگریس نے سوشل میڈیا کی عالمی کمپنی میٹا کے خلاف بنگلورو شہر میں ایک منفرد بینر مہم شروع کی ہے۔ یوتھ کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ میٹا سیاسی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت کر رہی ہے اور نفرت انگیز تقاریر، فرضی خبروں اور صارفین کی ذاتی معلومات کے تحفظ جیسے معاملات میں غیر جانب دارانہ رویہ اختیار نہیں کر رہی ہے۔اس مہم کا عنوان ’’میٹا، بی جے پی کا بیٹا‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والی سڑک پر بڑے بڑے ہورڈنگس نصب کیے گئے ہیں۔ ان ہورڈنگس میں میٹا کے بانی اور سربراہ مارک زکربرگ کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے لباس میں دکھایا گیا ہے۔پوسٹر میں زکربرگ کو خاکی نیکر، سفید شرٹ اور آر ایس ایس کی سیاہ ٹوپی پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے ، جبکہ ان کی پیشانی پر تلک بھی لگایا گیا ہے۔ پوسٹر میں طنزیہ انداز میں انہیں ’’مارک بی جے پی برگ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔
میٹا سے غیر جانب دارانہ رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ
یوتھ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ میٹا نفرت انگیز تقاریر اور گمراہ کن خبروں کے خلاف یکساں کارروائی کرے اور سیاسی وابستگی کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کرے۔تنظیم نے صارفین کی ذاتی معلومات کے تحفظ اور رازداری کے معاملے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو جمہوری اقدار کے مطابق کام کرنا چاہیے اور سیاسی مفادات کو اپنے فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہونے دینا چاہیے۔یوتھ کانگریس کی یہ مہم میٹا اور اس کی قیادت کے خلاف الزامات کو عوام کے سامنے لانے کی کوشش ہے۔ ش