میٹرو ریل مرحلہ II مرکز اور ریاست کا مشترکہ پراجکٹ رہے گا

   

عالمی مالیاتی اداروں سے قرض کا منصوبہ، مرکزی حکومت قرض کی ضمانت دے گی
حیدرآباد ۔ 12۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت میٹرو ریل مرحلہ دوم پراجکٹ کی تکمیل کیلئے مرکز سے تعاون کی خواہاں ہے اور 70 کیلو میٹر طویل میٹرو ریل فیس II کو مرکز کے ساتھ مشترکہ وینچر کے طور پر مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ میٹرو پراجکٹ مرحلہ I جو 69 کیلو میٹر پر محیط تھا ، اسے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت بین الاقوامی ایجنسیوں سے قرض حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس کے لئے مرکز سے منظوری لازمی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو ضمانت فراہم کرتی ہے ۔ جن اداروں سے قرض کے حصول کا منصوبہ ہے ، ان میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک شامل ہیں جن کی شرح سود دیگر اداروں کے مقابلہ کم بتائی جاتی ہے۔ مرکزی حکومت نے بعض ریاستوں کیلئے میٹرو ریل پراجکٹ کے قرض کیلئے ضمانت دی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی میٹرو ریل پراجکٹ فیس II کی تکمیل میں سنجیدہ ہے اور انہوں نے عہدیداروں کو جنگی خطوط پر کام انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ایک ماہ میں پراجکٹ کی مکمل رپورٹ تیار ہوجائے گی۔ چیف منسٹر دسہرہ کے موقع پر پراجکٹ کے سنگ بنیاد کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ پراجکٹ کی مالیت 45 فیصد رقم قرض کے طور پر حاصل کی جائے گی جبکہ 50 فیصد مالیت ایکویٹی کی شکل میں رہے گی۔ تلنگانہ حکومت مرکز کو 15 فیصد حصہ داری کا پیشکش کرے گی جبکہ 35 فیصد ریاستی حکومت کی حصہ داری ہوگی۔ خانگی کمپنیوں کو 5 فیصد حصہ داری دی جائے گی۔ ریاستی حکومت کو امید ہے کہ مرکز عالمی اداروں سے قرض کیلئے ضمانت ضرور دے گا۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے اپنے حالیہ دورہ دہلی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی سے میٹرو ریل مرحلہ II کی تکمیل میں تعاون کی اپیل کی تھی۔ وزیراعظم نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا ۔ فیس II کے تحت راہداری I مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا فلک نما رہے گی۔ راہداری 2 فلک نما تا چندرائن گٹہ ، راہداری 3 ناگول تا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ ، راہداری 4 میلاردیو پلی تا ہائی ٹیک سٹی ، راہداری 5 رائے درگ تا فینانشیل ڈسٹرکٹ ، راہداری 6 میاں پور تا پٹن چیرو اور راہداری 7 کے تحت ایل بی نگر تا حیات نگر کا احاطہ کیا جائے گا۔ 1