میٹرو ریل مسافرین کی سہولت کیلئے فیڈر سرویس میں اضافہ

   

ہائی ٹیک سٹی تا ڈی ایل ایف ‘ ایل بی نگر تا ونستھلی پورم ‘ حیات نگر تا ناگول روٹ کا انتخاب
حیدرآباد ۔ یکم جولائی ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں چلائی جانے والی ’ میٹرو ریل ‘ میں سفر کرنے والے مسافرین کے مطالبہ کو پورا کرنے کیلئے ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل کی جانب سے ’ فیڈرر سروسیس ‘ میں اضافہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اب تک ہائی ٹیک سٹی کے راستہ میں موجود اسٹیشن سے فیڈر سروسیس چلانے نے تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے باوثوق ذرائع نے کہا کہ مسافروں کیلئے فیڈرر سروسیس دستیاب رکھنے سے مسافروں کو میٹرو ریل میں سفر کرنے راغب کیا جاسکتا ہے ۔ لہذا ان ہی اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ہائی ٹیک سٹی اسٹیشن تا ڈی ایل ایف کمپنی ، ایل بی نگر اسٹیشن سے ونستھلی پورم ، حیات نگر اور ناگول تک فیڈر سروسیس چلائی جائیں گی ۔ ذرائع کے مطابق ہائی ٹیک سٹی سے ڈی ایل ایف کمپنی تک شروع کی جانے والی نئی فیڈرر سروسیس صبح 8:30 بجے تا دوپہر 12:30 بجے تک مسافروں کو دستیاب رہیں گے اور پھر شام میں 5بجے سے رات 9:30 بجے تک عوام کیلئے فیڈر سروسیس چلائی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہیکہ یہ فیڈر سروسیس مذکورہ ریلوے اسٹیشن سے ہر پندرہ منٹ کے وقفہ سے مسافروں کو دستیاب رہیں گی ۔ اسی طرح ایل بی نگر سے چلائی جانے والی فیڈر سروسیس صبح 7:30 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک اور شام میں 5:30 بجے سے رات میں 9:30 بجے تک چلائی جائیں گی ۔ بتایا جاتا ہیکہ میٹرو ریل میں سفر کرنے والے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان مسافروں کو میٹرو اسٹیشنوں سے اپنے مقامات تک آسانی کے ساتھ پہنچتے ہیں ۔ مدد فراہم کرنے کے مقصد سے ہی میٹرو ریل اسٹیشنوں سے مختلف مقامات فیڈر سروسیس ( بسیں ) چلانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ علاوہ ازیں بہت جلد عوام کو کامن موبیلیٹی کارڈز کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیزی کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔