پرانے شہر کیلئے ’ ہنوز دلی دور است ‘
حیدرآباد30جولائی (سیاست نیوز) انتخابات سے قبل پرانے شہر میں گلزار حوض‘ سردار محل کی تزئین نو اورمرمت کے بعد اس کے افتتاح‘ ملک پیٹ آئی ٹی ٹاؤر کا سنگ بنیاد‘ خورشید جاہ دیوڑھی کی تزئین نو اور آہک پاشی کا آغاز ‘ بادشاہی عاشور خانہ کی تزئین نو اور تکمیل کے بعد افتتاح ‘ میرعالم تالاب پر کیبل برج کی تعمیر کے سنگ بنیاد کے علاوہ موسیٰ ندی پر ہاکرس کیلئے دو نئے برجس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تیاریاں کی جار ہی ہیں لیکن ان تقاریب و ترقیاتی کاموں میں کہیں بھی پرانے شہر کی میٹرو ریل راہداری ‘ چنچل گوڑہ جیل کی منتقلی اور کے جی تا پی جی تعلیمی مرکز کے قیام کا کوئی تذکرہ نہیں ہے بلکہ کہا جا رہاہے کہ انتخابات کے اعلان سے قبل پرانے شہر کے عوام کو رجحانے نئے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیادرکھنے کے ساتھ گلزار حوض کے مرمتی کاموں کی تکمیل و افتتاح کے علاوہ بادشاہی عاشورخانہ کی تزئین کی تکمیل کا اعلان کردیا جائے گا جبکہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے پرانے شہر میں میٹرو راہداری پر کاموں کیلئے ہدایات کے بعد منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو ریل نے اس راہداری میں جائیدادوں کے مالکین کو نوٹس جاری کرنے کا اعلان کرکے 5 میٹرو اسٹیشنوں کے ناموں کا تک اعلان کردیا لیکن انتخابات سے قبل میٹرو کے تعمیری و ترقیاتی کاموں میں پیشرفت و سنگ بنیاد کے متعلق کوئی منصوبہ بندی نہ کئے جانے پر کہا جا رہاہے کہ انتخابات کے بعد میٹرو کا معاملہ دوبارہ تعطل کا شکار ہوجائے گا۔ حکومت سے پرانے شہر کو استنبول کے طرز پر ترقی دینے اعلانات کئے گئے تھے لیکن ان پر عمل کے معاملہ میں حکومت نہ صرف ناکام ہوئی بلکہ پرانے شہر کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے انہیں نظرانداز کرنے اور انتخابات کے قریب ہمنوا بنانے کی حکمت عملی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سے آئندہ اسمبلی اجلاس کے ساتھ ہی شہر میں ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں افتتاحی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی اور مسٹر کے ٹی آر وزیر بلدی نظم و نسق کی نگرانی میں کاموں کے آغاز کے نام پر سنگ بنیاد رکھ کر پرانے شہر کیلئے مزید اعلانات کئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق سردار محل‘ گلزار حوض کے افتتاح کے علاوہ مختلف کاموں کے سنگ بنیاد و چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے ادھورے کاموں بالخصوص زیر زمین برقی تاروں کی تنصیب ‘ لاڈ بازارکو خوبصورت بنانے دکانات کے آگے کمانوں کی تنصیب کے کاموں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
