میٹرو ریل کاموں کیلئے 125 کروڑ روپئے جاری

   

پرانے شہر میں جائیدادوں کے حصول و انہدام میں تیزی کا امکان
حیدرآباد16جون(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ریل کیلئے جائیدادوں کے حصول میں تیزی کی راہ ہموار ہو رہی ہے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق سے دارالشفاء تا چندرائن گٹہ راہداری پر کاموں کو تیز کرنے 125 کروڑ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ حکومت نے پرانے شہر کی میٹرو راہداری کو اندرون 4سال مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا اور دارالشفاء تا فلک نما جائیدادوں کے حصول اور انہدامی کاروائیوں کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔ میٹرو ریل حکام نے اس راہداری پر کاموں میں تیزی لانے حکومت سے بجٹ میں مختص 500 کروڑ کی اجرائی کیلئے نمائندگی کی تھی جس پر حکومت سے 125 کروڑ کی اجرائی کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں ۔ رقم کی وصولی کے بعد راہداری پر انہدامی کاروائیوں کو مزید تیز کیا جائیگا اور جائیدادوں کے حصول کیلئے معاوضہ کی ادائیگی کو تیز کردیا جائے گا۔ حکومت نے گذشتہ کابینہ کے اجلاس میں میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کو منظوری دے کر کاموں کو تیز کرنے احکام جاری کئے تھے اور آج محکمہ بلدی نظم و نسق سے 125 کروڑ کی اجرائی کے بعد کہا جا رہاہے کہ جائیدادوں کے حصول کو مزید آگے بڑھایا جایئگا اور جو جائیدادیں ابھی تک حاصل نہیں کی جاسکی ہیں ان کے حصول کیلئے مالکین جائیدادسے بات کرکے مسئلہ کی یکسوئی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد میٹرو ریل حکام نے سلطان شاہی تا علی آباد براہ شاہ علی بنڈہ ‘ سید علی چبوترہ کی راہداری پر جائیداد مالکین سے تبادلہ خیال کا آغاز کردیا ہے اور انہیں جائیدادوں کی حوالگی کی نوٹسوں کو قبول کرنے کی تاکید کی ہی ہے ۔ شاہ علی بنڈہ تا فلک نما راہداری پر بیشتر جائیداد مالکین نے میٹرو ریل کیلئے اپنی جائیدادوں کی حوالگی کے لئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔3