میٹرو ریل کی میڑچل اور شاہ میر پیٹ تک توسیع کیلئے چیف منسٹر کی ہدایت

,

   

پیراڈائیز سے میڑچل اور جوبلی بس اسٹیشن سے شاہ میر پیٹ تک دو نئی راہداریاں
پراجکٹ رپورٹ مرکز کو جلد روانہ کرنے کی ہدایت، مرکز و ریاست کے مشترکہ وینچر کی تجویز

( شہریان حیدرآباد کو سال نو کا تحفہ )

حیدرآباد۔یکم؍جنوری، ( سیاست نیوز) ریونت ریڈی حکومت نے سال نو کے موقع پر شہریان حیدرآباد کو میٹرو ٹرین خدمات میں توسیع کا تحفہ دیا ہے۔ حکومت نے میٹرو ٹرین خدمات کو میڑچل اور شاہ میر پیٹ تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ حیدرآباد کے شمالی علاقوں میں بسنے والے عوام کیلئے بڑی خوشخبری ثابت ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد کے شمالی علاقوں میں پیراڈائیز تا میڑچل 23 کلو میٹر اور جوبلی بس اسٹیشن تا شاہ میر پیٹ 22 کلو میٹر میٹرو راہداری کا فیصلہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کو چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے کہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرتے ہوئے فیس 2B کے حصہ کے طور پر مرکزی حکومت کی اجازت حاصل کرنے کیلئے روانہ کیا جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور اور حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی سے اس پراجکٹ پر بات چیت کی اور دونوں راہداری میں میٹرو ٹرین کے آغاز کیلئے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی ہدایت دی۔ پیراڈائیز میٹرو اسٹیشن سے تاڑبن ، بوئن پلی، سچترا سرکل، کومپلی، گنڈلہ پوچم پلی سے آوٹر رنگ روڈ ایگزٹ تک یہ راہداری رہے گی جو میڑچل تک جملہ 23 کلو میٹر کا احاطہ کرے گی۔ دوسری راہداری جوبلی بس اسٹیشن میٹرو اسٹیشن سے وکرم پوری، کارخانہ، ترملگری، لوتو کنٹہ، الوال، بلارم، حکیم پیٹ، توموکنٹہ، او آر آر ایگزٹ سے شاہ میر پیٹ تک 22 کلو میٹر پر مشتمل رہے گی۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو دونوں راہداریوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ریونت ریڈی نے رکن پارلیمنٹ ملکاجگری کی حیثیت سے علاقہ میں ٹریفک کے مسائل پر مذکورہ راہداری کیلئے نئے پراجکٹ کی تجویز پیش کی تھی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے علاقہ کے مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔ چیف منسٹر نے میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر کو ہدایت دی کہ وہ ملکاجگیری کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر سے اس سلسلہ میں مشاورت کرتے ہوئے ان کی تجاویز اور صلاح حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون تین ماہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی منظوری حاصل کی جائے۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ میٹرو فیس 2A کی طرح فیس 2B کو مرکزی حکومت کے ساتھ مشترکہ وینچر پراجکٹ کے طور پر تیار کیا جائے تاکہ مرکز اور ریاست کے اشتراک سے پراجکٹ کی تکمیل ہو۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نئی دو راہداریوں کی پراجکٹ رپورٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ اور دیگر دستاویزات کی تیاری میں تیزی لائیں تاکہ حیدرآباد اور اس کے اطراف میٹرو پراجکٹ کی توسیع میں مدد ملے۔ اسی دوران حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے میٹرو پراجکٹ کی شاہ میر پیٹ اور میڑچل تک توسیع سے متعلق چیف منسٹر کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ پونم پربھاکر نے حال ہی میں چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے میٹرو پراجکٹ کو شاہ میر پیٹ تک توسیع دینے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر، میدک ، نظام آباد اور عادل آباد کے عوام کو اس پراجکٹ سے مدد ملے گی اور وہ شہر کے مختلف علاقوں کا میٹرو سے سفر کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ میر پیٹ 22 کلو میٹر اور میڑچل 23 کلو میٹر نئی راہداریوں کی تکمیل سے حیدرآباد کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری ہوگی۔1