میٹرو ریل کے پلروں پر ’ پکے حیدرآبادی ‘ الفاظ کی تحریر

   

ہمہ لسانی فقروں سے سیاحوں کو متوجہ کرنے حیدرآباد میٹرو ریل کی تجویز
حیدرآباد۔2 مارچ (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موجود میٹرو ریل کے پلروں پر اب ’’پکے حیدرآبادی ‘‘ الفاظ اور جملوں کے معنی و مفہوم تحریر کئے جائیں گے تاکہ دیگر ممالک کے علاوہ شہروں سے حیدرآباد پہنچنے والوں کو ان حیدرآبادی الفاظ کے معنی و مفہوم اور استعمال کے متعلق واقف کروایا جاسکے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے فیصلہ کیا گیاہے کہ میٹروکے پلروں پر ہو‘ نکو‘ ہولے‘ خیریت‘پوری‘ پریشان اور ان جیسے حیدرآبادی الفاظ اور ان کے ہندی‘ انگریزی اور تلگو کے علاوہ اردو میں تحریر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل نے شہر حیدرآباد کی مقامی تہذیب کو سیاحوں کے آگے پیش کرنے کے علاوہ انہیں ان الفاظ کی چاشنی اور طریقہ استعمال کے سلسلہ میں معلومات فراہم کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل نے شہر حیدرآباد میں موجود میٹرو ریل کے پلروں پر حیدرآباد کی اہم شخصیات اور ان کے متعلق تفصیلات درج کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہر حیدرآباد کی اہم شخصیات اور شہر کی تہذیب و تمدن کو اجاگر کیا جاسکے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر این وی ایس ریڈی نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ میٹرو ریل کے پلروں کو شہر حیدرآباد کی تہذیب و تمدن کے علاوہ ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے اور شہر حیدرآبا دمیں دکنی زبان کے استعمال کا سلسلہ جو اب بھی جاری ہے اس کو فروغ دینے اور اس زبان کے استعمال کے رموز سے واقف کروانے کے لئے ان پر تحریر اور تصویر پیش کی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل کے ذمہ داروں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لئے شہر حیدرآباد کے تاریخ دانوں کے علاوہ ماہرین دکنی زبان سے مشاورت کے ذریعہ اس پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا کہ جن الفاظ کو شائستگی کے ساتھ میٹرو ریل کے پلروں پر پیش کیا جاسکتا ہے اور کس انداز میں انہیں پیش کیا جانا چاہئے۔ علاوہ ازیں ماہرین آثار قدیمہ اور تاریخ سے بھی مشاورت کرتے ہوئے ان پلروں پر اہم شخصیات اور شہر کے تہذیبی فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں مشاورت کی جائے گی ۔حیدرآباد میٹرو ریل انتظامیہ کی جانب سے اس عمل کی تکمیل کے بعد میٹرو ریل کے پلروں پر کئیکو‘ ہو ‘ نکو‘کیا ہورا کی‘ ہولے اور دیگر دکنی الفاظ نظر آئیں گے اور ان الفاظ کے مفہوم بھی درج ہوں گے۔