جب میں وزیر ریلوے تھی تو میں نے اس پراجکٹ کا افتتاح کیا تھا ، مودی کی والدہ کے دیہانت پر اظہار تعزیت
کولکاتا : مغربی بنگال میں ہوڑا کو نیوجلپائی گوڑی سے جوڑنے والی وندے بھارت ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر آج چیف منسٹر ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کی ماں کے دیہانت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت آپ کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا ہے ، میری دعا ہیکہ بھگوان کو آپ کو ہمت دے ۔اتنے بڑے صدمے کے باوجود آپ ویڈیو لنک کے ذریعہ اس پروگرام میں شریک ہوئے۔ اس کیلئے میں شکر گزار ہوں۔ اپنی ماں کے انتقال کی وجہ سے اس مرتبہ آپ کولکاتا نہیں آسکے مگر آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ آپ جلد سے جلد کولکاتا کا دورہ کریں۔ ممتابنرجی نے وزیراعظم مودی سے کہا کہ میں آپ کو اس وقت آرام کا مشورہ دوں گی۔ چیف منسٹر ممتابنرجی نے کہا کہ آج میرے ڈریم پروجیکٹ کا افتتاح ہورہا ہے۔ جب میں وزیر ریلوے تھی تو میں نے صدر جمہوریہ پرتیبھا پاٹل ، سابق میئر شوبھن چٹرجی اور ریاستی وزیر فرہاد حکیم کو لیکر اس میٹرو پروجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔ شوبھن چٹرجی کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے جوکا میٹرو پروجیکٹ کا افتتاح ہوا تھا۔اس پروجیکٹ کی تکمیل کے دوران بہالا کے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ میں ان سب کی شکرگزار ہوں۔مجھے امید ہے کہ عوام کی مشکلات ختم ہوں گی۔خیال رہے کہ ممتا بنرجی پلیٹ فارم نمبر 23سے اسٹیج پر آرہی تھیں تو ممتا بنرجی کو دیکھتے ہوئے بی جے پی حامیوں نے جے شری رام کے نعرے لگائے۔ ممتا بنرجی برہم ہوگئیں اور وہ پلیٹ فارم نمبر 22پر لگے اسٹیج کے نیچے بیٹھ گئیں۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے ممتابنرجی کو منایا اور انہیں اسٹیج پر لے آئے ۔ وزیراعظم مودی اپنی والدہ کے دیہانت کی وجہ سے کولکاتا نہیں آسکے۔ تاہم ویڈیو لنک کے ذریعہ ٹرین کا افتتاح کیا۔ ممتا بنرجی نے وزیراعظم کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ آج جن 5ریلوے پروجیکٹ کا افتتاح ہورہا ہے ان میںسے 4 کے منصوبوں کو ان کے وزیر ریلوے کے دور میں حتمی شکل دی گئی تھی اور بجٹ بھی مختص کیا گیاتھا۔دوسری طرف ممتا بنرجی نے کہا کہ ڈانکونی۔چندن پور چوتھی لائن، بنچی۔شکتی گڑھ تیسری لائن اور شمالی بنگال کی فلکتا۔گمانیہاٹ دوسری ریلوے لائن کے کام کے منصوبے کو اس وقت حتمی شکل دی گئی تھی جب وہ اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں وزیر ریلوے تھیں۔ بعد میں ممتا نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پروجیکٹ کا بجٹ مختص کیا اور سنگ بنیاد بھی رکھاتھا۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی
نئی دہلی: عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود آج بھی ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔بین الاقوامی مارکیٹ میں لندن برینٹ کروڈ کی قیمت آج 0.17 فیصد اضافے کے ساتھ 83.60 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل 0.01 فیصد اضافے کے ساتھ 78.37 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
گھریلو تیل مارکیٹنگ کمپنی بھارت پٹرولیم کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج مستحکم رہیں۔