ویلنگٹن،19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف جمعہ سے شروع ہو رہے دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کے لئے فاسٹ بولر میٹ ہنری کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آج ٹوئٹ کر کے یہ اطلاع دی۔ ٹوئٹ کے مطابق ہنری ویلنگٹن پہنچیں گے اور جمعہ21 فروری کو شروع ہو رہے پہلے ٹسٹ کے لئے میزبان ٹیم میںشامل ہوجائیں گے ۔ ہنری کوفاسٹ بولر نیل ویگنر کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ویگنر جلد ہی باپ بننے والے ہیں لہذا پہلے ٹسٹ میچ کے لئے آخری الیون میں وہ شامل نہیں کئے گئے ہیں۔ ویگنر اہلیہ کے ساتھ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کا انتظار کر رہے ہیں اور بچے کی پیدائش تک وہ تورنگا میں ہی رہیں گے ۔ویگنر کے متبادل کے طور پر میزبان ٹیم میں شامل کئے گئے ہنری، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اورکائل جیمی سن کے ساتھ مل کر میزبان ٹیم کی بولنگ کو مزید مستحکم کریں گے ۔ہنری اب تک12 ٹسٹ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے30 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ورلڈکپ2019 کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے خلاف کامیابی میں ہنری نے تین وکٹ لے کر اہم کرداراداکیا تھا۔قابل غور ہے کہ نیوزی لینڈ نے ونڈے سیریز میں ہندوستان کے خلاف3-0 سے کلین سوئپ کیا ہے جبکہ ٹی20 سیریز میں اس ک5-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پہلے ٹسٹ کے لئے ممکنہ میزبان ٹیم اس طرح ہے :نیوزی لینڈ: کین ولیمسن (کپتان)، ٹام بلنڈل، ٹرینٹ بولٹ، کولن ڈی گرینڈھوم، کائل جیمیسن، ہنری نکولس ، روس ٹیلر، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، ڈیرل مشیل، اعجاز پٹیل، ٹم ساؤتھی، نیل ویگنر، بی جے واٹلنگ اور میٹ ہنری۔