دبئی ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عمان کے کھلاڑی یوسف عبدالرحیم البلوشی کو تمام طرز کی کرکٹ پر 7 سالہ پابندی عائد کردی ہے کیونکہ وہ میچ فکسڈ کرنے کی کوشش کے خاطی پائے گئے ہیں۔ یوسف نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ سے تعلق رکھنے والے چار الزامات کو قبول کرلیا ہے اور کہا ہیکہ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں منعقدہ آئی سی سی مینس ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر مقابلوں کے دوران قاعدے کی خلاف ورزی کی تھی۔ آئی سی سی کے بیان کے بموجب یوسف نے دفعہ 2.1.1 جوکہ اینٹی کرپشن کوڈ کے متعلق ہے اس کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس کے علاوہ خاطی کھلاڑی نے دفعہ 2.1.4، دفعہ 2.4.4 اور دفعہ 2.4.7 کی بھی خلاف ورزی کی ہے اور یہ تمام دفعات بدعنوانی میں ملوث رہنے کے متعلق ہیں۔ یوسف نے تمام دفعات کو قبول کرنے کے علاوہ اینٹی کرپشن ٹربیونل کی جانب سے ان پر عائد کی جانے والی پابندی کو بھی قبول کرلیا ہے۔ آئی سی سی کے جنرل منیجر مارشل نے کہا ہیکہ یہ انتہائی سنگین نوعیت کی خلاف ورزیاں ہیں کیونکہ انہوں نے نہ صرف خود بلکہ ٹیم کے کھلاڑیوں کوبھی بدعنوانیوں میں ملوث کرنے کی کوشش کی ہے۔