میڈارم جاترا میں سوندرا راجن ‘دتاتریہ و کے سی آر کی شرکت

   

حیدرآباد /7 فروری ( پی ٹی آئی ) گورنر تلنگانہ ٹی سوندرا راجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج ملگ ضلع کے میڈارم گاوں میں چار روزہ قبائلی تہوار ’ سامکا سرلما جاترا ‘ میں شرکت کی جسے میڈارم جاترا بھی کہا جاتا ہے ۔ گورنر ہماچل پردیش بنڈارو دتاتریہ نے بھی ان کے ساتھ اس جاترا میں شرکت کی ۔ جاترا کے دوران ‘ جسے تلنگانہ حکومت نے سرکاری تہوار قرار دیا ہے ‘ قبائلی عوام نے دیوی سامکا اور ان کی دختر سرلما کی پوجا کی ۔ قبائلی عوام کا عقیدہ ہے کہ یہ تہوار کاکتیہ حکمرانوں کے خلاف سامکا اور سرلما کی جدوجہد کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔ پہلے دن میڈارم پلیٹ فارم پر سرلما کی روایتی آمد کا جشن منایا جاتا ہے جبکہ دوسرے دن سامکا کی آمد کا جشن منایا جاتا ہے ۔ یہاں جامپنا واگو میں مقدس ڈبکی بھی لگائی جاتی ہے ۔ دتاتریہ اور سوندرا راجن نے میڈارم کا صبح کے وقت دورہ کیا جبکہ چندر شیکھر راو نے دو پہر میں پوجا کی ۔ اس تہوار میں تلنگانہ کے علاوہ دوسری ریاستوں چھتیس گڑھ ‘ آندھرا پردیش اور مہاراشٹرا سے لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں۔