میڈرڈ اسکول کے باہر یوکرین کے سابق اعلیٰ اہلکار کا قتل

   

میڈرڈ 22مئی (یو این آئی) ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں ایک امریکی اسکول کے باہر یوکرین کے ایک سابق اعلیٰ اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے ۔ حکام نے تصدیق کی کہ 51 سالہ آندرے پورٹنوف شہر کے پوزیلو ڈی الارکون علاقے میں واقع اسکول میں اپنے بچوں کو چھوڑنے کے بعد اسکول کی پارکنگ میں اپنی کار کی طرف جا رہے تھے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک نامعلوم حملہ آور نے پورنوف پر کئی گولیاں چلائیں اور پھر جنگل کے علاقے میں فرار ہو گیا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، پورٹنوف وکٹر یانوکووچ کی انتظامیہ میں ایم پی اور نائب سربراہ تھے ، جو روسی صدر کے حامی تھے اور 2014 میں مہینوں کے احتجاج کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔وہ پہلے یولیا تیموشینکو کی گورننگ پارٹی میں رکن پارلیمنٹ تھے، لیکن 2010ء میں صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد یانوکووچ کی ٹیم میں چلے گئے ۔ انہوں نے یوکرین چھوڑ دیا تھا اور 2019 میں ولادیمیر زیلنسکی کے صدر منتخب ہونے کے بعد واپس آئے ۔