ملبورن ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق آسٹریلین اوپن چمپئن اور سینئر کھلاڑی سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واورنکا نے نئی نسل سے تعلق رکھنے والے متوقع چمپئن اور عالمی نمبر چار ڈینیل میڈیویڈو کو پانچ سیٹوں پر مشتمل سخت ترین مقابلہ میں شکست دیکر رواں سیزن کے پہلے گرانڈ سلام کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ واورنکا جنہوں نے 2014ء کے آسٹریلین اوپن میں نڈال کو شکست دیکر خطاب حاصل کیا تھا انہوں نے آج چوتھے راونڈ کے سنسنی خیز مقابلہ میں نئی نسل کے ابھرتے ٹینس اسٹار میڈیویڈو کو 6-2,2-6,4-6,7-6(7-2),6-2 کی شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ الیکژینڈر ژیروف سے ہوگا جنہوں نے روبیلیو کو 6-4,6-4,6-4 سے شکست دی۔ دن کے اختتام پر کھیلے گئے مقابلہ میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے دوسرا سیٹ گنوانے کے باوجود مقامی اور خطاب کے متوقع کھلاڑی نک کیریاس کو 6-3,3-6,7-6(8-6),7-6(7-4) سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جہاں ان کا مقابلہ ان کے کٹر حریف ڈومینک تھم سے ہوگا جنہوں نے اپنے چوتھے راونڈ کے مقابلہ میں فرانسیسی کھلاڑی جائل موفیلس کو باآسانی راست سیٹوں کو 6-2,6-4,6-4 سے شکست دی ہے۔ خاتون زمرہ کے مقابلہ میں دو مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن گاربین موگوروزا نے 68 منٹوں پر مشتمل مقابلہ میں نویں درجہ کی کھلاڑی کیکی برٹینس کو باآسانی 6-3,6-3 سے شکست دی۔ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں اب صرف 3 کھلاڑی ہی کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرپائی ہے جس میں عالمی نمبر ایک اور مقامی کھلاڑی ایشلی بارٹی کے علاوہ پیٹرا کیویٹوا بھی موجود ہے۔ ان کے علاوہ عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز سیمونا ہالپ ہیں ۔ ہالپ نے 28 ویں مقام کی کھلاڑی پولینڈ کی اینک کینٹیوی کو راست سیٹوں میں 6-4,6-4 سے شکست دی۔