میڈیا رپورٹوں کی بنیاد پر سدھو کو کٹہرے میں نہیں کھڑا کیا جا سکتا:راوت

   

نئی دہلی: کانگریس کے پنجاب کے انچارج جنرل سکریٹری ہریش راوت نے کہا ہے کہ پارٹی مخالف کسی بیان سے متعلق میڈیا رپورٹوں کی بنیاد پر پارٹی کے ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو کو کٹہرے میں نہیں کھڑا کیا جا سکتا۔سدھو کے اس بیان پر کہ ‘پارٹی میں فیصلے کرنے کی آزادی نہیں ہے ۔ راوت نے کہا کہ میڈیا کی قیاس آرائیوں کی بنیاد پر میں سدھو سے کوئی سوال نہیں کر سکتا۔ میں اس سیاق و سباق کو دیکھوں گا جس میں بیان دیا گیا ہے اور یہ جائزہ لوں گا کہ ان کے بیان میں کیا کہا گیا ہے ۔ وہ پارٹی کے ریاستی صدر ہیں اور اپنا فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہیں۔ پنجاب کانگریس کے صدر کے مشیر مالویندر مالی کے جموں و کشمیر سے متعلق بیان پر راوت نے کہا کہ اگر انہوں نے خود کشمیر اور پاکستان کے حوالے سے ایسا کوئی متنازعہ بیان دینے سے انکار کیا ہے تو معاملہ ختم ہو جاتا ہے ۔ایک دیگر بیان میں مسٹر راوت نے کہا کہ کوئی بھی ملک مخالف بیان قبول نہیں کیا جائے گا۔ دریں اثنا ء، جموں و کشمیر اور پاکستان کے بارے میں متنازعہ بیان دینے کی وجہ سے سرخیوں میں آنے والے مسٹر سدھو کے مشیر مالویندر مالی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پنجاب کے مسئلہ پر کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہفتہ کے روزمسٹر گاندھی سے ملاقات کرسکتے ہیں۔