میڈیا میں چھانے کی خاطر بنڈی سنجے کی دھمکی

   


جنگاؤں کے واقعہ کو رائی کا پہاڑ بنانے کا الزام ، گورنمنٹ چیف وہپ بی وینکٹیشورلو
حیدرآباد :۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے گورنمنٹ چیف وہپ بی وینکٹیشورلو نے اخبارات کی ہیڈ لائنس کے لیے حکومت کے خلاف ڈیڈ لائن نافذ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی وینکٹیشورلو نے کہا کہ مذہبی جذبات بھڑکا کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتی ہے ۔ مگر ہماری تہذیب و تربیت ہمیں اس کی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ مگر ہماری خاموشی اور صبر کو بنڈی سنجے کمزوری سمجھنے کی ہرگز بھول نہ کریں ۔ وقت آنے پر ٹی آر ایس ، بی جے پی کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جنگاؤں کے مسئلہ کو ریاستی سطح کا مسئلہ بنا کر پیش کرتے ہوئے بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ گورنمنٹ چیف وہپ نے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے کی سخت مذمت کی ۔ رائی کو پہاڑ بنا کر پیش کرنے میں بی جے پی کو مہارت ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہی پالیسی دوباک میں اپنائی گئی ۔ چھوٹے چھوٹے مسائل کو ذات پات اور مذہب سے جوڑ دیا جارہا ہے ۔ بی جے پی مرکزی اقتدار کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔ مختلف ریاستوں میں حکومتوں کو اقتدار سے بیدخل کردیا گیا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کرنے والے کے سی آر پر بنڈی سنجے کی تنقید قابل مذمت ہے ۔ جس لب و لہجہ میں تلنگانہ بی جے پی کے صدر بات کررہے ہیں ۔ وہ پارلیمنٹ کے رکن رہنے کے بھی اہل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ تلنگانہ کو مرکز سے فنڈس حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ وہ بی جے پی کے سینئیر قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بنڈی سنجے کو صحیح بات چیت کرنے کی تربیت فراہم کریں ۔ چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنانے پر بڑے لیڈر بننے کا جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ بہت جلد چکنا چور ہوجائے گا ۔۔