میڈیکل آکسیجن کی تیاری کیلئے نئے یونٹ کا احیاء

   

روزانہ 40 میٹرک ٹن آکسیجن کی تیاری، چیف سکریٹری سومیش کمار نے معائنہ کیا
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے سنگاریڈی کے پاشا میلارم انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرینکو کمپنی کی جانب سے میڈیکل آکسیجن پلانٹ کے تجدیدی کاموں کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر ریاست میں میڈیکل آکسیجن کی موثر سربراہی اور ریاست کو اس معاملہ میں خود مکتفی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ میڈیکل آکسیجن کی پیداوار میں اضافہ کے علاوہ حکومت نے ریاست کے مختلف علاقوں میں موجود آکسیجن کے بند یونٹس کو بحال کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ سنگاریڈی میں واقع اسی طرح کا ایک یونٹ گرینکو کمپنی کے حوالہ کیا گیا تاکہ اسے ایک ماہ کی ریکارڈ مدت میں کارکرد کیا جائے۔ یہ کام تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے تکنیکی سپورٹ سے انجام دیا جائے گا۔ یونٹ بحالی کے بعد 40 میٹرک ٹن میڈیکل آکسیجن روزانہ تیار کرے گا۔ یونٹ میں میڈیکل آکسیجن کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے اور آئندہ چند دنوں میں دواخانوں کو سربراہی کا آغاز ہوگا۔ چیف سکریٹری نے صدرنشین گرینکو کمپنی انیل کی ستائش کی جنہوں نے ایک مختصر مدت میں یونٹ کی بحالی کے اقدامات کئے اس کے لئے بلجیم اور دیگر ممالک سے مشنری درآمد کی گئی۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن، منیجنگ ڈائرکٹر انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن نرسمہا ریڈی، چیف انجینئر کے شام سندر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔