میڈیکل انشورنس کے نام کروڑہا روپیوں کا اسکام

   

انشورنس میڈیکل سرویس ڈائرکٹر کے بشمول سات افراد گرفتار
حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) میڈیکل انشورنس کے کروڑہا روپئے اسکام میں اے سی بی کی جانب سے آج گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ انشورنس میڈیکل سرویس کی ڈائرکٹردیویکا رانی کے بشمول7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جس میں اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ خانگی افراد بھی شامل ہیں جن کی ملی بھگت سے کرو؍ڑہا روپئے کا اسکام ہوا۔ اینٹی کرپشن بیورو نے آج دیویکارانی کے علاوہ جوائنٹ ڈائرکٹر پدما اسسٹنٹ ڈائرکٹر ایشور، ڈاکٹر وسنتا اندرا فارماسسٹ، ای ایس آئی شمس آباد کے رادھیکا، شیواناگراجو نمائندہ کمپنی اومتی میڈی، وی ہرشا وردھن سینئر اسسٹنٹ، ہری بابو عرف بابجی ایم ڈی، اومتی میڈی کو گرفتار کرتے ہوئے اے سی بی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا اور انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میڈیکل انشورنس اسکام میں اے سی بی کے عہدیداروں نے 23 مقامات پر بیک وقت دھاوا کیا تھا ۔ 23 ملازمین کے علاوہ خانگی اداروں کے افراد کے بھی مبینہ رول پر اے سی بی سنجیدگی سے تحقیقات کررہی ہے۔ اس اسکام میں 10 کروڑ سے زائد کی دھاندلیوں کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ اے سی ببی نے کل دھاوے کے دوران ضروری دستاویزات اور نقلی بلز کو حاصل کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ دیویکا رانی کے مکان سے دو سوٹ کیس دستاویزات، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، پاس بک اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کو بھی حاصل کرلیا۔ اس کے علاوہ نقد رقم اور طلائی زیورات کو بھی اے سی بی نے ضبط کرلیا اور ہر زاویہ سے اس اسکام کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔