میڈیکل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے صدرنشین نے جائزہ حاصل کرلیا

   

ریاستی وزراء کی شرکت، حیدرآباد کے سرکاری دواخانوں میں کیتھ لیب کا منصوبہ
حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین کی حیثیت سے ای سرینواس نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ہریش راؤ، پی سرینواس یادو، کے ایشور، سرینواس گوڑ اور ارکان اسمبلی و کونسل کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جائزہ حاصل کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ای سرینواس نے کہا کہ وہ سابق میں ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ان کی خدمات کے اعتراف میں نئی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ طرز کی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی۔ وزیر صحت ہریش راؤ کی قیادت میں محکمہ صحت کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ہریش راؤ نے سرینواس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ تحریک میں سرینواس کے نمایاں رول کے اعتراف میں چیف منسٹر نے انہیں میڈیکل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کا صدر نشین مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر صحتمند تلنگانہ کی تشکیل کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ کورونا کی دونوں لہر کے دوران سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے کئی اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے ذریعہ سرکاری دواخانوں میں درکار عصری آلات کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیںگے۔ اس کے علاوہ نئی عمارتوں کی تعمیر پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر اور سدی پیٹ میں میڈیکل کالجس کی عمارتوں کی تعمیر کا کام کارپوریشن کے ذریعہ انجام دیا گیا۔ سرسلہ میں نرسنگ کالج قائم کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کے ایم این جے کینسر ہاسپٹل میں عصری تھیٹر تعمیر کی گئی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ امراض قلب کے مریضوں کیلئے گاندھی، عثمانیہ، نمس، ایم این جے، کھمم اور عادل آباد میں عصری کیتھ لیب قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن ریاست میں مریضوں کیلئے بہتر علاج کی سہولتوں میں اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ر