چیف سکریٹری کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ 15 ویں فینانس کمیشن میں ہیلت انفراسٹرکچر سے متعلق تجاویز کی پیشکشی کے لئے تفصیلی رپورٹ تیار کریں۔ چیف سکریٹری کی صدارت میں آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلت انفراسٹرکچر بہتر بنانے کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے 15 ویں فینانس کمیشن کو پیش کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ رپورٹ کی تیاری کے موقع پر اس بات کو پیش نظر رکھا جائے کہ پرائمری ہیلت سنٹرس کو مستحکم کیا جائے اور دوردراز کے علاقوں اور خاص طور پر قبائیلی علاقوں میں ہیلت انفراسٹرکچر کے استحکام پر توجہ مرکوز کی جائے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ پرائمری ہیلت سنٹرس کو منڈل پبلک ہیلت یونٹس کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، سکریٹری توانائی سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، کمشنر فیملی ویلفیر شریمتی وی کرونا، ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر رمیش ریڈی، چیف منسٹر کے او ایس ڈی گنگادھر اور دوسروں نے شرکت کی۔R