میڈیکل شاپس پر مریضوں کے ساتھ کھلواڑ ، حکومت سے کارروائی کرنے کا مطالبہ

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : شہر اور اضلاع کے متعدد میڈیکل شاپس میں ان دنوں ادویات کی خریدی کے دوران ایک دو ٹیابلٹس ( گولیوں ) کی فروختگی سے انکار کرتے ہوئے مکمل اسٹرپ خریدنے پر زور دیا جارہا ہے ۔ جس کے باعث مریضوں اور شہریوں پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ وہ معمولی علاج جیسے سردرد ، کھانسی ، زکام اور ہلکے بخار پر میڈیکل شاپس سے ایک دو گولیاں خریدتے تھے تاہم اب شاپس کے مالکین اس طرح کی گولیاں دینے کے بجائے مکمل پتہ خریدنے پر زور دے رہے ہیں ۔ اس طرح کی صورتحال کے بعد مریضوں پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے ڈرگ کنٹرول بورڈ اور محکمہ صحت وطبابت سے خواہش کی کہ وہ فوری طور پر ایسے میڈیکل شاپس کے خلاف کارروائی کریں اور عوام کو سہولت فراہم کریں ۔۔