میڈیکل شاپس کو شام 7 بجے بند کرنے کا فیصلہ

   

حیدرآباد : کورونا وائرس نے میڈیکل شاپس کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہے جس کے سبب گریٹر حیدرآباد میں میڈیکل شاپس اسوسی ایشن نے 15 جولائی تک روزانہ شام 7 بجے میڈیکل شاپس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں کورونا واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا اور بتایا جاتا ہے کہ کئی میڈیکل شاپس کے مالکین اور ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ اِس صورتحال کا جائزہ لینے میڈیکل شاپ اسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس آج منعقد ہوا۔ جس میں احتیاطی اقدامات کے طور پر 15 جولائی تک دوکانات کو شام 7 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران میڈیکل شاپس میں ادویات کے حصول کے لئے کافی ہجوم دیکھا جارہا تھا اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے سے میڈیکل شاپس میں کام کرنے والے بعض ملازمین کورونا کا شکار ہوگئے۔