میڈیکل طالبہ کی خودکشی

   

پریاگ راج۔19 ۔فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع پریاگ راج کے ہنڈیا واقع آیورویدک میڈیکل کالج کی طالبہ نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔پولیس ذرائع نے چہارشنبہ کو بتایا کہ ضلع دیوریا کے کینٹ علاقے کے کوڑا گھاٹ نیو کالونی سلیم پور ساکن پارس ناتھ کی بیٹی شویتا(25) ہنڈیا واقع لال بہادر شاستری آیورویدک میڈیکل کالج کی طالبہ تھی۔ وہ کالج کے نزدیک گرلز ہاسٹل کے کمرے میں تنہا رہتی تھی۔انہوں نے بتایا کہ شویتا منگل کو پورے دن کمرے سے نہیں نکلی تو پڑوس کے کمرے میں رہنے والی طالبات نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ کوئی جواب نہ ملنے سے حیران طالبات نے دیر شام مکان مالک کو بتایا۔ پولیس نے دوازہ توڑا تو دیکھا کہ کمرے میں شویتا کی نعش تخت کے اوپر پنکھے سے لٹکی ہوئی ہے ۔پولیس کو کمرے سے ایک سوسائڈ نوٹ ملا ہے جس میں شویتا نے شوہر راج کمار کے تشدد اور ہراسانی سے پریشان ہوکر خودکشی کرنے کا الزام لگایا ہے ۔بیوی کی خودکشی کی خبر سننے کے دو گھنٹے بعد راج کمار نے بھی خودکشی کرلی۔