حیدرآباد 24 فروری (سیاست نیوز) ورنگل کاکتیہ میڈیکل کالج طالبہ کا معاملہ سنگین رُخ اختیار کرتا جارہا ہے۔ اقدام خودکشی کرنے والی پریتی حالت کی ابتر ہوتی جارہی ہے۔ دوسری طرف الزامات کا سامنا کررہے ڈاکٹر سیف کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔ ڈاکٹر سیف کی گرفتاری کے خلاف آج کاکتیہ میڈیکل کالج میں ڈاکٹروں نے احتجاج کیا۔ ڈاکٹروں نے عام اور ایمرجنسی خدمات کا بائیکاٹ کرکے سیف کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیا۔ انہوں نے ڈاکٹر سیف کے حق میں آواز بلند کی اور سیف پر الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ۔ محض سوشل میڈیا تبصروں کی بنیاد پر حقیقت پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا۔ ڈاکٹروں نے سیف سے انصاف کا مطالبہ کیا اور خدمات بند کردیں ۔ ایم جی ایم سپرنٹنڈنٹ کو ہڑتال کی نوٹس حوالے کردی۔ ڈاکٹروں نے سیف کے خلاف درج ایس سی ایس ٹی مظالم مقدمات کو برخواست کرنے کا مطالبہ کیا۔ پریتی کے انتہائی اقدام پر مغموم ڈاکٹروں نے سیف کی حمایت میں پلے کارڈس کے ذریعہ مظاہرہ کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سینئرس کی جونیرس کو ڈانٹ ڈپٹ عام بات ہے۔ ورنگل پولیس کمشنر رنگا ناتھ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سیف کے خلاف پولیس کو ٹھوس ثبوت ملے ہیں اور ان کی بنیاد پر ہراسانی کا مرتکب پایا گیا۔ چونکہ پریتی حساس تھی اس لئے انتہائی اقدام کرلیا۔ ورنگل کمشنر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سیف نے واٹس ایپ گروپس میں پریتی کے خلاف دل آزار پوسٹنگ کی ۔ سیف کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا ‘عدالت نے 14 دن کی تحویل میں دیدیا اور سیف کو کھمم سب جیل منتقل کردیا گیا۔ ع