میڈیکل میں داخلہ مشکل مرحلہ ، مکمل رہنمائی انتہائی ضروری

   

ورنگل میں میناریٹی انٹلکچول فورم کا پروگرام ، ڈاکٹر عبدالرب عارف اور ڈاکٹر انیس احمد صدیقی کا خطاب
ورنگل ۔/12ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میناریٹی انٹلکچول فورم ورنگل کی جانب سے آج مسلم کمیونٹی ہال ملگ روڈ ورنگل میں میڈیکل نشستوں میں داخلہ کے لئے ایک خصوصی ’ رہبری پروگرام ‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر انیس احمد صدیق صدر انٹلکچول فورم ورنگل ہے کی جبکہ میڈیکل کونسلنگ کے ماہر ڈاکٹر عبدالرب عارف نے بہ حیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔پروگرام کا آغاز محترمہ نصرت جہاں کی حمد و نعت سے ہوا ۔اس موقع پر عبدالرب عارف کونسلنگ ایکسپرٹ نے اپنے لکچر میں بتایا کہ ایم بی بی ایس ،بی ڈی ایس ،بی یو ایم ایس اور ڈی ایچ ایس کے داخلوں کے لئے حکومت کی جانب سے جو نیٹ ( NEET) پروگرام منعقد کیا جارہا ہے اس میں کئی پیچیدگیاں اور اسناد کو داخل کرنے کے جی او زموجود ہیں لیکن اس کا حصول ایک مشکل مرحلہ طلباء و طالبات اور اولیائے طلباء کے لئے مانا جاتا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے ان تمام مسائل کے حل کے لئے تلنگانہ اور کل ہند سطح پر موجود میڈیکل نشستوں کی رہنمائی کی اور خصوصی طور پر کل ہند کوٹہ ،تلنگانہ کوٹہ ،این آر آئی کوٹہ ،مینجمنٹ کوٹہ اور دوسری میڈیکل یونیورسٹیز میں تلنگانہ والوں کے لیے موجود 15فیصد کوٹہ کس طرح سے حاصل کیا جائے اس کی نہ صرف مکمل رہبری بلکہ اس سلسلے میں کٹ آئوٹ مارکس اور مختلف کالجیس میں میڈیکل سیٹوں کے تعلق سے طلباء اور ان کے والدین کے ذہنوں میں پائی جانے والے شکوک و شبہات کو مزید سوال و جواب کے سیشن کے ذریعہ مفید معلومات پہنچا کر مطمئن کرنے کی بھر پور کوشش کی ۔ اس جلسہ میں طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے استفادہ کیا خاص طور پر عبدالستار ان کی لڑکی کے کریم نگر کے کے آنند رائو کالج میں موصوف کی رہبری کی بناء پر داخلہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلپوشی اور تہنیت کی ۔ نظام آباد سے ڈاکٹر سمیع امان کی جانب سے بھی موصوف کی تہنیت کی گئی اور فورم کے سکریٹری ایم اے کلیم نے بھی تہنیت کرتے ہوئے مومنٹو پیش کیا ۔ ایم اے نعیم نے نظامت کی ۔یہ پروگرام ایم اے کلیم ،خیر الناصرین ،مسعود مرزا محشر ،مرزا ندیم بیگ ،خسرو سلیم ،سید اکبر ،نصرت جہاں ،نازنین ، تسنیم بانو ،محسنہ بیگم ،تاج الوری ٰ کے علاوہ محمد سراج احمد ،محمد سلیم کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچا ۔ جناب خیر الناصرین کے ہدیہ تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا ۔اس موقع پر طلباء اور اولیائے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔