میڈیکل نشستوں پر داخلہ کیلئے آج سے کونسلنگ

   

حیدرآباد : میڈیکل کونسل کمیٹی کے مطابق آل انڈیا ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس کیلئے 27 اکٹوبر سے کونسلنگ ہوگی ۔ تلنگانہ کے سرکاری میڈیکل کالجس میں 15فیصد نشستوں پر آل انڈیا کونسلنگ کے ذریعہ بھرتی کی جائیگی ۔ اس کونسلنگ کے ذریعہ ملک بھر میں 6410 ایم بی بی ایس نشستوں کیلئے دوسرے مرحلے کی کونسلنگ منعقد ہوگی جو 27 اکٹوبر سے 2 نومبر تک ہو گی ۔ 5 نومبر کو نشستوں کے الاٹ منٹ اور کالجوں کا اعلان کیا جائیگا جہاں طلبہ کو 6 تا 12 نومبر تک رجوع ہونا ہوگا ۔ دوسرے مرحلے کی کونسلنگ 18تا 22 نومبر دوپہر 3بجے تک ہو گی اور 25 نومبر کو الاٹ کردہ کالج کا اعلا ن ہوگا۔ 26 نومبر تا 2 ڈسمبر تک طلبہ کوان کالجس میں شریک ہونا پڑے گا ۔ دوسرے مرحلے کی کونسلنگ کے بعد ریاست سے حاصل کردہ 15فیصد نشستوں میں جو باقی رہ جاتی ہیں انہیں متعلقہ ریاستوں کو واپس کردیا جائے گا ۔ تاہم ایمس ، مرکز ڈیمڈ یونیورسٹی ، آئی ایس آئی ٹی جیسے اداروں کی مخلوعہ نشستوں پر ماپ اپ راؤنڈ میں آل انڈیا کونسلنگ 10 تا 14 ڈسمبر دوپہر 3بجے تک ہو گی ۔ نشستوں کے الا ٹمنٹ کے تعلق سے 17 ڈسمبر کو اعلان کیا جائے گا ۔ 18 تا 24 ڈسمبر تک طلبہ کو متعلقہ کالجس میں شریک ہونے پڑے گا جو بھی نشستیں مخلوعہ رہ جاتی ہیں ان پر 28تا 31 ڈسمبر تک بھرتی ہوگی ۔ 29 ا کٹوبر کو تلنگانہ میں میڈیکل داخلوں کیلئے نوٹیفکیشن جاریہ کیا جائے گا۔ کالوجی ہیلت یونیورسٹی کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ قومی سطح پر پہلے مرحلے کی کونسلنگ مکمل ہونے کے بعد ریاست میں پہلے مرحلے کی اور دوسرے مرحلے کی کونسلنگ مکمل ہونے کے بعد ریاست میں دوسرے مرحلے کی کونسلنگ ہوگی ۔ قومی سطح کی کونسلنگ کے بعد واپس ہونے والی نشستوں کو شمار کرتے ہوئے ریاست میں تیسرے مرحلے کی کونسلنگ کی جائے گی، اس کے بعد ماپ اپ راؤنڈ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اس مرتبہ سرٹیفکٹس کی فزیکل ویریفکیشن نہیں ہوگی ۔ آن لائن ہونے کے زیادہ امکانات ہیں ۔ یکم اپریل کے بعد حاصل کردہ ای ڈبلیو ایس سرٹیفیکس کو ہی ترجیح دی جائے گی ۔ گذشتہ سال حاصل کردہ ای ڈبلیو ایس سرٹیفیکٹس قبول نہیں کئے جائیں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 29 اکٹوبر کو ہی ریاست کے نیٹ رینکس کا ڈاٹا حاصل ہونے کے امکانات ہیں ۔ اگر ممکن ہوا تو اسی دن نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کورونا کے پیش نظر طبی تعلیم کا آغاز کب ہوگا یہ واضح نہیں ہے۔