میڈیکل پی جی نشستوں کی فیس میں اضافہ پر ہائی کورٹ میں سماعت

   

۔50 فیصد فیس ادا کرنے طلبہ کو ہدایت، چار ہفتے بعد معاملہ کی دوبارہ سماعت
حیدرآباد ۔20۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے پی جی ، ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی فیس کے سلسلہ میں عبوری احکامات جاری کئے ہیں۔ حال ہی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس ، پی جی فیس میں اضافہ کرتے ہوئے حکومت نے احکامات جاری کئے تھے ۔ حکومت کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی ۔ ہائی کورٹ نے آج سماعت کے بعد عبوری احکامات جاری کرتے ہوئے اے زمرہ کے طلبہ کو 50 فیصد فیس ادا کرنے کی ہدایت دی جبکہ بی زمرہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو 60 فیصد فیس ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ باقی زمروں کے طلبہ فیس کے سلسلہ میں بانڈ پیپر ضمانت دے سکتے ہیں۔ این آر آئی کوٹے کے طلبہ مکمل فیس ادا کریں گے ۔ عدالت نے واضح کیا کہ فیس قطعی احکامات کے تابع ہوگی۔ قطعی احکامات کے تحت جو بھی فیس تعین کی جائے گی ، اسی کا اطلاق ہوگا۔ عدالت نے فیس ریگولیٹری کمیشن کو اندرون چار ہفتے جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے ریمارک کیا کہ کورونا بحران کے دوران فیس میں اضافہ طلبہ پر زائد بوجھ ہوگا۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت چار ہفتے بعد ہوگی۔