میڈیکل کالجس میں 607 اسسٹنٹ پروفیسرس تقررات کیلئے اعلامیہ جاری

   

10 تا 17 جولائی آن لائن درخواستیں قبول کی جائے گی، سکریٹری گوپی کانت ریڈی
حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویس ریکروٹمنٹ بورڈ (ٹی جی ایم ایچ آر بی) نے ریاست کے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 607 اسسٹنٹ پروفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ سکریٹری تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہیلت سرویسیس ریکروٹنمنٹ بورڈ گوپی کانت ریڈی نے بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی، شاتاواہنا یونیورسٹی، کاکتیہ یونیورسٹی، پالمور یونیورسٹی کے حدود میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ خواہشمند امیدوار http://mhsrb.telangana.gov.in ویب سائیٹ کے ذریعہ آن لائن 10 جولائی سے 17 جولائی کو شام 5 بجے تک درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 18 تا 19 جولائی شام 5 بجے تک درخواستوں کو ایڈٹ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک سے زائد جائیدادوں کیلئے امیدواروں کو علحدہ علحدہ درخواستیں داخل کرنا پڑے گا۔ ملٹی زون I میں جملہ 379 جائیدادیں ہیں جبکہ ملٹی زون II میں جملہ 228 جائیدادیں ہیں۔ ان جائیدادوں کیلئے منتخب ہونے والے امیدواروں کو ماہانہ تنخواہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قواعد کے مطابق 68,900 سے 2,05,500 روپئے ادا کرنے کا نوٹیفکیشن میں تذکرہ کیا گیا ہے۔ ان جائیدادوں کیلئے درخواست فیس 500 روپئے اور پروسیسنگ فیس 200 ادا کرنا ہوگا۔ ایس سی، ایس ٹی، بی سی، ای ڈبلیو ایس، معذور امیدواروں کو پروسیسنگ فیس سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ امیدواروں کی عمر اندرون 46 سال ہونی چاہئے۔2