میڈیکل کالجس کی مخلوعہ جائیدادیں 2 سال میں پُر کرنے کا اعلان

   

26 کالجس کی 4356 جائیدادوں پر تقررات کیلئے حکومت کے اقدامات

حیدرآباد۔13۔مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست کے 26 میڈیکل کالجس میں موجود مخلوعہ جائیدادوں کو اندرون 2 برس پر کرنے کے اقدامات کرے گی۔نیشنل میڈیکل کمیشن کے سروے کے دوران ریاستی حکومت کے سرکاری کالجس میں پائی جانے والی مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کے بعد حکومت کی جانب سے فیصلہ کیاگیا ہے کہ جملہ 26کالجس میں موجود 4356 جائیدادوں پر تقررات کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کے مطابق 3155 کنٹراکٹ ملازمین کی جائیدادیں ہیں اور 1201 اعزازی جائیدادوں کے علاوہ دیگرپر تقررات کئے جانے ہیں ۔ ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے 498 پروفیسرس ‘ 786 اسوسیٹ پروفیسرس ‘ 1459 اسسٹنٹ پروفیسر س ‘ 412 ٹیوٹرس‘ 1201سینیئر ریسیڈنٹس کی جائیدادوں پر حکومت کی جانب سے 31 مارچ 2025 سے قبل تقررات کے عمل کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تلنگانہ میں موجود 26 سرکاری میڈیکل کالجس میں جہاں سالانہ 3690 ایم بی بی ایس طلبہ کا نیٹ کے امتحانات میں کامیابی کے ذریعہ داخلہ ہوا کرتا ہے ان کالجس میں موجود جائیدادوں پر تقررات کے احکامات کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے ان پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ عثمانیہ میڈیکل کالج میں سب سے زیادہ اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جانے ہیں۔اس کے علاوہ راماگنڈم میں موجود میڈیکل کالج میں سب سے زیادہ پروفیسرس کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں جہاں 29 پروفیسرس کے تقرر کے عمل کو انجام دیا جانا ہے۔ریاستی محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکے مطابق حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق تقررات کے عمل کو جاری رکھا گیا ہے اور مختلف عہدوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کیا جا چکا ہے اور بعض عہدوں پر تقررات کے لئے محکمہ صحت کی جانب سے راست انٹرویو کے ذریعہ امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جا رہاہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دو برسوں کے دوران تمام 26 کالجس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔3