حیدرآباد :۔ حیدرآباد کے ایک فارماسسٹ جناب محمد نظیر الدین نے اپنی ایک شکایت میں کہا کہ رجسٹرار آندھرا پردیش میڈیکل کونسل فار فارمیسیز میڈیکل ہال رجسٹریشن کی تجدید میں مالکین کو مسلسل ہراساں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقہ شاہ علی بنڈہ میں ایک میڈیکل ہال چلاتے تھے لیکن وہ 2006 میں سعودی عرب جانے سے قبل اپنے لائسنس کی تجدید کروانے کے لیے فائیل داخل کر کے چلے گئے ۔ بعد ازاں ریاست تلنگانہ کے وجود میں آنے کے بعد یہ محکمہ آندھرا پردیش گنٹور منتقل ہوگیا ۔ وہ جب دوبارہ ہندوستان آکر اپنی فائیل کے بارے میں دریافت کیا تو انہیں رجسٹرار آندھرا پردیش میڈیکل کونسل نے ہراساں کرنا شروع کردیا ۔ جب کہ ان کی فارمیسی کی اصل اسنادات بھی رجسٹرار کے قبضہ میں ہے جس کے باعث وہ نہ تو دوبارہ کاروبار کرسکتے ہیں اور نہ ہی وہ کوئی ملازمت اختیار کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے رجسٹرار آفس کے کئی چکر کاٹے لیکن ان کی شکایت کو ان سنی کردیا گیا ۔ محمد نظیر الدین نے کہا کہ ان کی طرح دوسرے افراد بھی اس رجسٹرار کی ہراسانی کا مسلسل شکار ہیں اور شکایات کو نظر انداز کردیا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ میڈیکل کونسل فارمیسی سے گزارش کی کہ وہ ان کے ساتھ ہورہی نا انصافی کا ازالہ کر کے نہ صرف ان کے لائسنس کی تجدید کردیں بلکہ ان کو دوبارہ اپنے فارمیسی کی کشادگی کے لیے مدد کریں ۔۔
ٹاس تلنگانہ اوپن اسکول داخلے
حیدرآباد :۔ تلنگانہ اوپن اسکول کے ایس ایس سی ( اوپن ) ، انٹر ( اوپن ) میں داخلے کے لیے محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر شام کے اوقات میں رجوع ہوں ۔۔