حیدرآباد کی اسکائی روٹ خانگی کمپنی کا کارنامہ ۔ اسرو کی جانب سے لانچنگ کی جائے گی
حیدرآباد۔جاریہ سال کے اواخر تک شہر میں تیارکی گئی راکٹ کو اسرو کے ذریعہ داغا جائے گا۔ اسکائی روٹ نامی خانگی کمپنی یہ راکٹ تیار کر رہی ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں تیار کی جانے والی پہلی خانگی راکٹ جاریہ سال کے اواخر تک فضاء میں داغی جائے گی اور اس سے قبل تین مرحلوں میں تجرباتی پروازوں کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سابق اسرو سائنٹسٹ پون کمار چندنا اور ناگا بھارت ڈاکا کے قائم کردہ اسکائی روٹ ادارہ کی تیا رکیا جانے والے راکٹ کو’وکرمI ‘ نام دیا گیا ہے جو توقع ہے کہ ڈسمبر کے اواخر میں فضاء میں چھوڑا جائے گا۔ مسٹر پون کمار چندنا چیف ایکزیکیٹیو آفیسر نے بتایا کہ ان کی کمپنی پہلی ایسی کمپنی ہے جس نے سیال اور سقیل دونوں مادوں کا استعمال کرکے 100فیصد 3D ڈیزائن کے ذریعہ یہ راکٹ تیار کیا ہے اور اس کی تیاری میں عام طور پر 2سال درکار ہوتے ہیں لیکن کمپنی نے 3D ٹکنالوجی کا استعمال کرکے 2یوم میں اس کام کو مکمل کرلیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے عصری اشیاء کا استعمال کیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند یوم میں کمپنی کی تیار راکٹس فضاء میں ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ برس اکٹوبرکے دوران کمپنی کو نیشنل اسٹارٹ اپ ایوارڈ حاصل ہوچکاہے اور کمپنی نے اپنے قیام کے بعد سے اب تک 100 سے زائد افراد کو راست یا بالواسطہ روزگار دیا ہے ۔ حالیہ عرصہ میں اسکائی روٹ ایرواسپیس کی جانب سے سالڈ پروپولشن راکٹ کا تجربہ کیا گیا ہے اور اسے کمپنی نے ’کلام۔5‘ کا نام دیا ہے ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر مسٹر ناگا بھارت ڈاکا نے بتایا کہ کمپنی کا تیار کردہ کلام سیریس کا یہ پہلا راکٹ ہے جو کہ انتہائی عصری سہولتوں سے لیس ہونے کے علاوہ درکار معلومات کے ساتھ اسرو کے ذریعہ تجربہ کیا گیا ہے۔کمپنی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ان کی کمپنی ملک میں ایسی پہلی کمپنی ہے جس نے سیال مادہ سے چلنے والے انجن کو داغنے میں پہل کی اور اس کامیاب تجربہ کے بعد اسے ’رمن ‘ نام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہندستان میں اسکائی روٹ ایرواسپیس پہلی ایسی کمپنی ہے جسے اس سیال مادہ سے چلنے والے انجن کی تیاری میں سب سے بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔