میڑچل ضلع کے تمام بلدیات پر ٹی آر ایس کی کامیابی

   

انچارج ملکاجگیری راج شیکھر ریڈی کی کے ٹی آر سے ملاقات
حیدرآباد۔ 27 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارلیمانی حلقہ ملکاجگیری کے انچارج ایم ایم راج شیکھر ریڈی نے پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو سے ملاقات کی اور بلدی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ کے ٹی آر نے ملکاجگیری ضلع میں پارٹی کے بہتر مظاہرے کے لیے راج شیکھر ریڈی کی مساعی کی ستائش کی اور ضلع کے قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔ راج شیکھر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما رائو کی قیادت پر تلنگانہ عوام میں پھر ایک مرتبہ اپنا اعتماد ظاہر کیا۔ ٹی آر ایس حکومت کی گزشتہ 6 برسوں سے جاری فلاحی اسکیمات کے سبب عوام نے ٹی آر ایس کی تائید کی۔ شادی مبارک کلیان لکشمی، ڈبل بیڈروم، 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی کی سربراہی جیسے اہم اقدامات کو عوامی تائید حاصل ہوئی ہے۔ عوام کو یقین ہے کہ صرف ٹی آر ایس حکومت ان کے مسائل حل کرسکتی ہے۔ میڑچل ضلع میں بطور خاص ملکاجگیری پارلیمانی حلقے کے تحت تمام 7 میونسپلٹیز اور 3 کارپوریشنوں میں پارٹی نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ راج شیکھر ریڈی نے کہا کہ مشن کاکتیہ مشن بھگیراتا جیسی اسکیمات سے میڑچل ضلع کے عوام کو پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں فائدہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے پارٹی کارکنوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے مثبت نتائج کو یقینی بنایا ہے۔ حکومت نے نہ صرف صاف پینے کا پانی سربراہ کیا بلکہ سرکاری اسکول اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کے بعد ٹی آر ایس قائدین کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔