میڑچل کے اقامتی اسکول کے طلبہ پولیس سے رجوع

   

Ferty9 Clinic

بنیادی سہولتوںکی کمی پر منفرد احتجاج
حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) میڑچل ملکاجگری ضلع میں بنیادی سہولتوں سے محروم بی سی اقامتی اسکول کے طلبہ نے منفرد انداز میں احتجاج درج کراتے ہوئے پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت کی۔ میڑچل کے شاہ میر پیٹ موضع میں واقع بی سی اقامتی اسکول میں بہتر غذا کا انتظام نہیں ہے اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں حکام ناکام ہوچکے ہیں۔ اسکول کی عمارت بھی انتہائی خستہ ہوچکی ہے۔ حکام کی مسلسل لاپرواہی سے تنگ آکر اسکول کے طلبہ سیدھے مقامی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔ طلبہ نے شکایت کی کہ واٹر ٹینکر کے ذریعہ آلودہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے اور ٹائلٹس کی صفائی کا بھی انتظام نہیں ہے۔ پرنسپل کو بارہا توجہ دہانی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پرنسپل کی جانب سے طلبہ کو اسکول سے معطل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ بی آر ایس پارٹی کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم تک طلبہ کی پولیس عہدیداروں سے ملاقات کا ویڈیو وائرل کیا گیا۔ پارٹی نے اقامتی اسکولوں کی ابتر صورتحال پر حکومت کی غفلت کو نشانہ بناتے ہوئے پارٹی نے اقامتی اسکولوں کی حالت میں سدھار کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں وقفہ وقفہ سے سمیت غذا کے استعمال سے طلبہ کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے اقامتی اسکولوں میں معیاری اور صحت بخش غذا کی سربراہی کے سلسلہ میں بارہا ہدایات جاری کیں لیکن حکام کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔1