میکرون اور شاہ سلمان کا غزہ جنگ بندی پر زور

,

   

ریاض: سعودی عرب کے ولیعہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان عبدالعزیز آل سعود اور فرانسیسی صدرایمانویل میکرون نے ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ شام میں جاری کشیدگی کو روکنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب فرانسیسی ایوان صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ایمانویل میکرون سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچے جہاں ولیعہد نے ان کا خصوصی استقبال کیا۔بعد ازاں سعودی ولیعہد اور میکرون نے دو طرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور ان کو مضبوط بنانے کے لیے رابطہ کاری کی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ایلیسی پیلس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ریاض میں ملاقات کے دوران صدر میکرون اور سعودی ولیعہد نے غزہ میں بلا تاخیر جنگ بندی پر زور دیا۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ سعودی ولیعہد اور فرانسیسی صدر نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے لبنان میں صدارتی انتخابات پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ ولیعہد اور فرانسیسی صدر نے سعودی عرب کی حکومت اور فرانسیسی جمہوریہ کی حکومت کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی تشکیل کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ یاداشت پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جبکہ فرانس کی جانب سے یورپ اور خارجہ امور کے وزیر جین نول بیروٹ نے دستخط کیے۔