پیرس : 7 ستمبر ( ایجنسیز ) فرانس کی حزب اختلاف نے صدر امانوئیل میکرون کی معزولی کے لئے پارلیمنٹ کو ایک قرارداد پیش کر دی ہے۔بائیں بازو کی ‘لا فرانسا انسومائس’ پارٹی کے رہنما ژاں۔لوک میلینشوں نے کہا ہے کہ حزب اختلاف نے صدر ایمانوئل میکرون کی معزولی کے لیے پارلیمنٹ میں ایک قرارداد پیش کی ہے۔ہفتہ کے روز شمالی شہر لیل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران میلینشوں نے کہا ہے کہ میکرون کو جانا ہوگا۔غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے میلینشوں نے کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت اقتدار میں ہوتی تو فرانسیسی بحریہ غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے ‘گلوبل صمود فلوٹیلا’ کے جہازوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہوتی۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پیر کو متوقع اعتماد کے ووٹ میں وزیر اعظم فرانسوا بائرو کی حکومت گر جائے گی اور یہ “عوام کی فتح” ہو گی۔ایک ایسے وقت میں کہ جب ‘بائرو’ قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں فرانس کو بتدریج بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کا سامنا ہے ۔واضح رہے کہ بائرو نے جولائی میں 2026 کے بجٹ کا خاکہ پیش کیا تھا۔ وہ، فرانس کے بڑھتے ہوئے عوامی قرض میں کمی کے لئے، تقریباً 44 ارب یورو کے بچت منصوبے کے لیے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فرانس کا عوامی قرض اس وقت اس کی جی ڈی پی کا 113 فیصد ہے۔فرانس 5.8 فیصد خسارے کے ساتھ یورپی یونین کے بڑے ترین بجٹ خساروں میں سے ایک ہے۔بائرو نے ملک کے “انتہائی مقروضیت کے دہانے پر” ہونے کی وارننگ دی اور قانون سازوں سے اپیل کی ہے کہ وہ “انتشار کی جگہ ذمہ داری کا انتخاب کریں۔
حزب اختلاف کی سب جماعتوں نے ،جن میں بائیں بازو کی LFI، دائیں بازو کی نیشنل ریلی (RN)، اور سوشلسٹ پارٹی شامل ہیں، حکومت کے خلاف ووٹ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔