سڈنی، 2 جون (یو این آئی) آسٹریلیا کے تجربہ کار آل راؤنڈر گلین میکسویل نے پیر کو ونڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا۔ میکسویل نے آج فائنل ورڈ پوڈ کاسٹ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ وہ سال 2022 میں پیر کے فریکچر کے بعد سے ونڈے کرکٹ میں خود کو غیرآرام دہ محسوس کر رہے تھے ۔ اس سے ٹیم کو نقصان ہو رہا تھا۔ اس لیے میں نے ونڈے کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم وہ انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے۔ میکسویل نے بتایا کہ انھوں نے چیف سلیکٹر جارج بیلی سے 2027کے ورلڈ کپ پر بات کی اور کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ میں اس وقت تک کھیل سکوں گا، اب وقت آگیا ہے کہ اس جگہ کے لیے کسی اور کھلاڑی کو تیار کیا جائے ۔ میکسویل نے ونڈے کرکٹ میں 33.81کی اوسط سے 3990رن بنائے ہیں اور 149 میچوں میں 77 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 2011 میں انہوں نے آسٹریلیائی ڈومیسٹک ونڈے کرکٹ میں صرف 19 گیندوں میں تیز ترین نصف سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے 2023 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف 201 ناٹ آؤٹ کی تاریخی اننگز کھیلی جو کسی بھی نان اوپنر کی جانب سے بنائی گئی پہلی ڈبل سنچری ہے ۔