میکسیکوکی شراب فیکٹری میں دھماکے ، 5 افراد ہلاک

   

میکسیکو سٹی : میکسیکو میں ایک شراب بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو کے ٹاؤن ٹیکیلا میں قائم شراب بنانے والی فیکٹری میں پیش آیا جہاں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی۔انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔انتظامیہ نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جو فیکٹری میں کام کرنے والے ملازم تھے جبکہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔انتظامیہ نے بتایا کہ دھماکا کس وجہ سے ہوا تاحال معلوم نہیں ہو سکا تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ دھماکا مرمتی کام کے دوران ہوا۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر فیکٹری کے آس پاس موجود مکانات کو وقتی طور پر خالی کروایا گیا تھا جبکہ بجلی کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی تھی۔
افغانستان میں بارودی سرنگیں پھٹنے سے بچوں کی ہلاکت
کابل: طالبان کے افغانستان میں آئے روز بارودی سرنگیں پھٹنے سے متعدد بچوں کی ہلاکت نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ۔تفصیلات کے مطابق بچوں کی اموات میں اضافے پر اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور نے خطرے کی گھنٹی بجادی، طالبان کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد افغانستان میں اسلحہ کے استعمال اور بارودی سرنگوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 6 ماہ میں افغانستان میں 292 سے زائد افراد بارودی سرنگوں کے باعث اموات کا شکار ہوچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق افغانستان میں دھماکہ خیز مواد کے خطرات سے 88 فیصد متاثرین بچے ہیں، 50 فیصد واقعات اس وقت پیش آئے جب بچے ان سے کھیل رہے تھے ۔