میکسیکو اور امریکہ ٹیرف کی آخری تاریخ میں توسیع پر متفق

   

میکسیکو سٹی، 28 اکتوبر (یو این آئی) میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے پیر کے روز کہا کہ ان کے امریکی ہم منصب ڈونالڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی برآمدات پر ٹیرف کے نفاذ کو ملتوی کرنے پر اتفاق کیا ہے ، جو پہلے یکم نومبر سے نافذ ہونے والی تھی۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے جولائی میں دھمکی دی تھی کہ وہ میکسیکو کی کچھ اشیاء پر محصولات 25 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دیں گے ، لیکن انہوں نے میکسیکو کو امریکی فریق کے ساتھ بات چیت کیلئے 90 دن کی مہلت دی تھی، جس کی میعاد یکم نومبر کو ختم ہو رہی ہے ۔ شینبام نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہفتے کے روز ہونے والی بات چیت کے دوران، میکسیکو کیلئے 54 نان ٹیرف رکاوٹوں کو ہٹانے کے واسطے امریکی مطالبات کو حل کرنے کیلئے “کچھ مزید ہفتوں” کی مہلت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ، ڈونالڈ ٹرمپ نے ایسی تجارتی پالیسی کو اپنایا ہے جس میں ایسے شراکت دار ممالک پر محصولات عائد کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کررہے ہیں۔