میکسیکو ایئرپورٹ پر ٹیک آف اور لینڈنگ کرنے والے طیاروں کی ٹکر

   

میکسیکوسٹی: میکسیکو کے ایک ایئرپورٹ کے رن وے پر 2 نجی طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق میکسیکو کے مغربی علاقے ڈورانگو کے ایک غیر معروف ایئرپورٹ پر تصادم اس قت ہوا جب بیک وقت ایک طیارے نے اڑان بھری اور اسی وقت دوسرا طیارہ لینڈنگ کر رہا تھا۔یہ حادثہ اس رن وے پر پیش آیا جو کچی زمین پر بنایا گیا تھا اور زیادہ تر ایک انجن والے چھوٹے طیارے یہاں سے اْڑان بھرا کرتے ہیں۔تصادم اتنا خطرناک تھا کہ دونوں طیاروں میں آگ بھڑک اْٹھی اور دونوں رن وے پر گر کر تباہ ہوگئے۔ حادثے کا شکار ہونے والے دونوں ہوائی جہاز ایک انجن والے چھوٹے طیارے تھے۔امدادی کاموں کے دوران فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا جبکہ طیاروں کے ملبے سے 5 نعشیں نکالی گئیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دونوں طیاروں میں مجموعی طور پر 5 افراد موجود تھے اور ان میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔ ایوی ایشن نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔