میکسیکو دیوار :ٹرمپ کا 5.6 ارب ڈالرس کا مطالبہ

   

واشنگٹن۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیاہے کہ امریکہ۔میکسکوسرحد پر ‘انسانی بحران’ بڑھتا ہی جا رہا ہے ۔دونوں ملکوں کے مابین سرحد پر شہریوں اور اسمگلرس کی در اندازی کو روکنے کے نام پر مجوزہ سرحدی دیوار بنانے کی مخالفت و مزاحمت کے درمیان مسٹر ٹرمپ نے صدر بننے کے بعد اوول میں واقع ہیڈکوارٹر سے پہلی دفعہ منگل کی رات نشر ہونے والے اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں دیوار اٹھانے کے تعلق سے پابند عہد ہونے کی بات دہرائی۔مسٹر ٹرمپ نے جنوبی سرحد کی صورتحال کو‘قلبی اور روحانی بحران’ کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ‘اسٹیل کی دیوار سرحد کی حفاظت کے لیے بہت اہم ہے ’۔مسٹر ٹرمپ نے میکسیکو سرحد پر دیوار کے لیے 5.6 ارب ڈالر کے فنڈ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس رقم کو کم نہیں کریں گے ۔ انہوں نے ایمرجنسی نافذ کرنے کی وارننگ کا بھی اعادہ کیا۔ ڈیموکریٹ دیوار کے لیے فنڈ دینے کے حامی نہیں ہیں، وہ اس دیوار کو ‘غیر اخلاقی’ بتا رہے ہیں جس کی وجہ سے مسٹر ٹرمپ کا منصوبہ فی الحال پورا ہوتا نہیں معلوم ہوتا۔ یہ دیوار بنانا بھی ٹرمپ کے اہم انتخابی وعدوں میں سے ایک ہے ۔