نئی دہلی 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) میکسیکو کے ایمگریشن حکام کی طرف سے ملک بدر کئے جانے والے 300 ہندوستانی جمعہ کی صبح نئی دہلی پہونچ گئے۔ یہ ہندوستان جن میں ایک خاتون شامل ہے، امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش میں غیر قانونی طور پر میکسیکو پہونچے تھے۔ ملک بدر کئے جانے والے افراد میں شامل ایک شخص جشن پریت سنگھ نے کہاکہ ’5 بجے صبح ہم یہاں پہونچے اور ایرپورٹ سے باہر نکلنے سے قبل کئی گھنٹوں تک رسمی ضابطہ کی تکمیل کے لئے انتظار کرنا پڑا‘۔ میکسیکو ایمگریشن انسٹی ٹیوٹ سے چہارشنبہ کو جاری کردہ بیان کے مطابق ہندوستانی شہریوں کو اس ملک میں باقاعدہ قیام کی اجازت نہیں تھی چنانچہ ٹولوکا سٹی کے انٹرنیشنل ایرپورٹ سے بوئنگ 747 طیارہ کے ذریعہ نئی دہلی واپس بھیج دیا گیا۔