میکسیکو سٹی، 12 اکتوبر (یو این آئی) حالیہ دنوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈز سے میکسیکو میں کم از کم 37 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ قومی محکمہ برائے شہری تحفظ نے ہفتہ کے روز اس بات کی جانکاری دی۔ محکمے کے مطابق، 22 وسطی میکسیکو کی ہدالگو ریاست میں ، 9 پویبلا میں، 5 ویراکروز میں، اور ایک کیوریٹارو میں ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے متاثرہ خاندانوں اور بارشوں سے متاثر ہونے والے ہزاروں افراد کو امداد فراہم کرنا شروع کر دی ہے ۔ بحرالکاہل کے ساحل کے قریب موجود طوفان ریمونڈ کے باعث بارشوں میں شدت آئی، جس سے متعدد ریاستوں میں سیلاب، زمین کھسکنے اور وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔ مقامی اور قومی حکام، فوج اور بحریہ کی مدد سے ، راستوں کی بحالی، نقصانات کا جائزہ لینے اور ہنگامی امداد کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ شہری تحفظ کے حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کے کاموں میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔