میکسیکو میں صحافی سانچیز کی نعش برآمد

   

Ferty9 Clinic

میکسیکو: میکسیکو کے معروف اخبارات میں سے ایک لا جورناڈا کے ایک صحافی کی نعش ہفتہ کو مغربی ریاست نیریٹ کے شہر ٹیپک کے قریب برآمد ہوئی۔ صحافی لوئس مارٹین انگویز (59) چہارشنبہ سے لاپتہ تھے۔ صحافیوں کیلئے خطرناک ترین ممالک میں سے ایک میں ان کی موت کو ان کے کام سے متعلق قتل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ سانچیز حالیہ دنوں میں ریاست میں اغوا کیے گئے تین صحافیوں میں سے ایک ہیں۔پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا کہ سانچیز کی اہلیہ کی جانب سے رپورٹ درج کرانے کے ایک دن بعد ان کی نعش ہفتہ کو ٹیپک شہر کے قریب ایل اہواکیٹ گاؤں میں پائی گئی۔ سانچیز کے سینے پر دو پیغامات لگے ہوئے تھے ، لیکن حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ان پر کیا لکھا ہے ۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سانچیز کو ان کی نعش ملنے کے 24 سے 48 گھنٹے کے درمیان قتل کر دیا گیا تھا۔
سانچیز کا اغوا ایک استاد اور سابق رپورٹر کے کام پر جاتے ہوئے لاپتہ ہونے کے ایک دن بعد ہوا۔ اوسیرس نامی اس شخص کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا۔حکام نے بتایا کہ لاپتہ ہونے والے تیسرے شخص کا نام جوناتھن ہے ، اس کو جمعہ کو اغوا کیا گیا تھا لیکن بعد میں وہ زندہ اور اچھی حالت میں پایا گیا۔ سانچیز کی موت نے میکسیکو اور بین الاقوامی سطح پر غم و غصے کو جنم دیا ہے ۔ میکسیکن کمیشن برائے دفاع اور انسانی حقوق کے فروغ نے حکام سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیا ہواتھا۔کمیشن نے سوشل میڈیا پر لکھا، “ہم میکسیکن صحافیوں کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔”صحافیوں کے تحفظ کے لئے کمیٹی کی امریکی شاخ نے بھی اس قتل کی مذمت کی ہے ۔بین الاقوامی ایڈووکیسی گروپ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق 2000 سے اب تک تقریباً 150 صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے ۔