میکسیکو کی طرف سے نئی امریکی سرحدی دیوار کی تعمیر کی مخالفت

   

میکسیکو سٹی 19جولائی (یو این آئی) میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام نے جمعہ کے روز ریاست نیو میکسیکو میں امریکی سرحدی دیوار کے نئے حصے کی تعمیر کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے امریکی حکومت کا یکطرفہ اقدام قرار دیا۔شینبام نے اپنی روٹین پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ میکسیکو کسی بھی طرح سے اس منصوبے میں شامل نہیں ہے اور وہ اس کی فنڈنگ میں تعاون نہیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ “وہ اسے اپنے طور پر تعمیر کر رہے ہیں۔ ہم سرحدی دیوار کی حمایت نہیں کرتے ہیں۔ ہم نے تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے محفوظ سرحد بنائی ہے ، نہ کہ دیواروں کے ذریعہ۔شینبام نے دیوار تعمیر کو مکمل طور پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا فیصلہ قرار دیا اور میکسیکو کے ترقیاتی تعاون اور امریکہ میں رہنے والے میکسیکو کے باشندوں کے احترام کو ترجیح دینے پر زور دیا۔واضح رہے اس ہفتے ، ٹرمپ انتظامیہ نے شمالی میکسیکو میں سانتا ٹریسا، نیو میکسیکو اور سیوڈاڈ جواریز کے درمیان ثانوی سرحدی رکاوٹ کے طور پر نیا تعمیراتی مرحلہ شروع کیا ہے ۔ اس منصوبے میں 9.6 کلومیٹر 9 میٹر اونچی اسٹیل کی پوسٹیں شامل ہیں۔