میکسیکو : گورنر ہاوس کے باہر سے 10 لاشیں برآمد

   

میکسیکو سٹی : میکسیکو میں گورنر ہاؤس کے باہر کرسمس کی تقریب کا سامان اُٹھانے کے دوران کار سے 10 لاشیں برآمد ہوئیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ ریاست زاکاٹیکاس میں گورنر ہاوس کے سامنے کرسمس کی تقریبات کے اختتام پر سجاوٹی سامان ہٹانے کے دوران پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران 2مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ لاشوں پر مارپیٹ کے نشان واضح ہیں اور انہیں سردخانے میں منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقتولوں کا تعلق بھی کسی گینگ سے ہے۔ حکام نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔