نئی دہلی ۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکس ویل کی ہندوستانی بیوی وینی رامن نے سوشل میڈیا پر دھمکی دینے والوں کو کرارا جواب دے دیا۔ انسٹاگرام پر آسٹریلوی کھلاڑی کی بیوی وینی رامن نے ہندوستان کی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد صارفین کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کا انکشاف کیا۔ انہوں نے انسٹا اسٹوری شائع کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر دھمکی دینے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کرکٹ کے مداح کسی کی توہین، نفرت اور بد تمیزی کیے بغیر بھی اپنی ٹیم کی حمایت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورہ ہند کے دوران عکس بند کی گئی مختلف فیملی فوٹوز اور ویڈیوز انسٹا گرام پر شائع کی اور ساتھ ایک نوٹ بھی پوسٹ کیا۔ وینی رامن نے نوٹ میں لکھا کہ تمام توہین آمیز اور بدتمیزی سے بھرپور پیغامات ارسال کرنے والے مداح تہذیب کے دائرے میں بھی رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ یقین نہیں آرہا کہ یہ کہنے کی ضرورت پیش آ رہی ہے کہ آپ ہندوستانی ہوتے ہوئے بھی اس ملک کی حمایت کر سکتے ہیں جہاں آپ پیدا ہوئے اور پروریش پائی، ان سب سے بڑھ کر آپ اس ٹیم کی بھی حمایت کر سکتے ہیں جس ٹیم کی نمائندگی آپ کا شوہر یا آپ کے بچے کا باپ کر رہا ہو۔ انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولرز اور دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے والوں کو حوصلہ رکھنے اور دنیا کے دیگر اہم مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 6 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد چھٹی مرتبہ عالمی خطاب اپنے نام کیا ہے۔