صدرنشین کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات، 2000 افراد کو روزگار کے مواقع
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) امریکی ملٹی نیشنل کمپنی میکڈونلڈس McDonalds نے تلنگانہ حکومت کے ساتھ اہم معاہدہ پر دستخط کئے ہیں۔ کمپنی اپنے توسیعی منصوبہ کے تحت حیدرآباد میں میکڈونلڈس انڈیا گلوبل آفس قائم کرے گی۔ گلوبل آفس تقریباً 2000 ملازمین کے ساتھ شروع کیا جائے گا۔ میکڈونلڈس کے صدرنشین اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر چیریز کیمپزنسکی نے پریسیڈنٹ گلوبل بزنس سرویسس اسکائی اینڈرسن، چیف گلوبل امپاکٹ آفیسر جان بیانر اور ہیڈ جی بی ایس انڈیا دیشانک کائیلا کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور تلنگانہ حکومت کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا۔ چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل چیف سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن اور چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی اس موقع پر موجود تھے۔ میکڈونلڈس کے وفد نے تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی پر مسرت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں میکڈونلڈس کے گلوبل آفس کے قیام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مختلف ریاستوں کے درمیان مسابقت کے باوجود میکڈونلڈس نے تلنگانہ کو سرمایہ کاری کیلئے منتخب کیا ہے جو ریاست کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کمپنی کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ گذشتہ 15 ماہ میں حکومت نے اِسکل ڈیولپمنٹ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ چیف منسٹر نے انڈیا اِسکل یونیورسٹی کے قیام سے واقف کرایا۔ ریونت ریڈی نے میکڈونلڈس سے درخواست کی کہ اپنی زرعی ضروریات کیلئے مقامی کسانوں کو ترجیح دیں تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو اور زرعی معیشت کو فروغ ملے۔ میکڈونلڈس کے سی ای او نے کہا کہ حیدرآباد میں بنگلور کے مقابلہ بہتر بنیادی سہولتیں، باصلاحیت ماہرین اور بہتر معیار زندگی ہے، یہی وجہ ہے کہ کمپنی نے گلوبل انڈیا آفس کیلئے حیدرآباد کا انتخاب کیا۔ میکڈونلڈس دنیا بھر میں کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرامس چلارہی ہے۔ تلنگانہ میں میکڈونلڈس کے 38 آؤٹ لیٹس موجود ہیں اور ہر سال مزید تین تا چار آؤٹ لیٹس کھولنے کا منصوبہ ہے۔ گلوبل انڈیا آفس کے قیام سے نوجوانوں کو راست اور بالواسطہ روزگار حاصل ہوگا۔1
