سرمایہ کاروں کی غلامی قبول کرکے کسانو ںکو تباہ و برباد کیا۔ رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا کا خطاب
عادل آباد : ملک میں کورونا وائرس کے بنا پر ہزاروں مرنے والے افراد کی نعشوں پر حکومت کرنے والی بی جے پی حکومت کے سات سالہ کارکردگی کو ترقی یافتہ دور بتاتے ہوئے مقامی و غیرمقامی قائدین کی جانب سے منائے گئے جشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا نے تیسرے مرحلہ کے کوووڈ۔19 حملہ کے تدارک کی خاطر کورونا وائرس ویکسین کا ذخیرہ جمع کرتے ہوئے ملک کے معصوم افراد کی زندگی بچانے کا مشورہ دیا ۔ موصوف مستقر عادل آباد میں اپنے کیمپ آفس میں پرہجوم میڈیا سے مخاطب تھے۔ میک انڈیا کے نام پر ملک کے عوام کو دھوکہ دیکر غیرملکی افراد کو تجارت کا موقع فراہم کرنے کا مودی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے مسٹر جوگو رامنا نے کہاکہ دیگر ممالک سے 3 تا 4 لاکھ کروڑ روپئے کالا دھن واپس لانے کا تیقن دینے والی مودی حکومت سوامی ناتھ کمیشن کی سفارشات کو عمل میں لانے سے جہاں ایک طرف قاصر رہی وہیں دوسری طرف کسانوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے زرعی پیداوار کی خرید و فروخت کی ذمہ داری سرمایہ کاروں کے حوالے کیا ۔ غریب افراد کے اکاؤنٹ میں پندرہ لاکھ روپئے جمع کرنے کا تیقن غیریقینی ہوکر رہ گیا ۔ ہر سال ملک کے دو کروڑ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دینے والی مرکزی حکومت ایندھن کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ کرتی جارہی ہے جس کے پیش نظر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوچکا ہے جس کے بنا پر غریبی کی سطح پر زندگی گذارنے والے افراد کو زندگی گذارنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ بنگال کے انتخابات میں بی جے پی حکومت کے قیام کے بعد کورونا ویکسین مفت فراہم کرنے کا اعلان کے بناء پر دنیا کے دیگر ممالک میں ملک کا وقار مجروح ہوکر رہ گیا ۔ ملک کے عوام کو فریب کے جال میں اُلجھائے رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مسٹر جوگو رامنا نے کہاکہ ملک کی ملکیت ریلوے جس میں 150 ٹرین ، 50 ریلوے اسٹیشن ، ایر سرویس ، ایل آئی سی ، پی پی سی ایل کو سرمایہ کاروں کو فروخت کیا گیا جس کے بناء پر کئی ایک افراد بیروزگار ہوچکے ہیں ۔ مرکزی حکومت کی سات سالہ کارکردگی کو ملک کے نام پر ایک ’’کلنک‘‘ قرار دیا ۔ میڈیا سے مخاطبت کے اس موقعہ پر مسٹر یونس اکبانی ، اے بھوجا ریڈی کے علاوہ کئی دیگر بھی موجود تھے ۔