میگااسٹار امیتابھ بچن پر مبارکبادیوں کی بارش

   

لتامنگیشکر، مموٹی، سرکار اور ہندی فلمی صنعت کے مشاہرین میں خوشی کی لہر
ممبئی۔25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) میگااسٹار امیتابھ بچن نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ 2018ء کے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے انہیں نامزد کئے جانے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے ان کے پاس مناسب الفاظ نہیں ہیں۔ 76 سالہ اداکار جنہوں نے سینیما میں 50 سال کی تکمیل کرلی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کی مبارکبادیوں کا جواب دیا۔ انہوں نے لکھا کہ جن فراخدلی کے ساتھ الفاظ کا سیلاب آرہا ہے اس کا جواب دینے کے لیے میں ’’قلت لفظی‘‘ کا شکار ہوگیا ہوں لیکن میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں اور بہت زیادہ فخر محسوس کررہا ہوں۔ میں خلوص دل سے شکرگزار ہوں۔‘‘ منگل کے دن اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے بالی ووڈ کے اس بزرگ اداکار کے لیے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کا اعلان کیا۔ یہ انعام بابائے ہندوستانی سینیما کے ھندی راج گوکیذ پھالکے کے نام پر دیا جاتا ہے۔ اس انعام کی شروعات 1969ء میں کی گئی جب امیتابھ بچھن نے ’’سات ہندوستانی‘‘ فلم کے ذریعہ ہندوستانی فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ یہ انعام 2017ء میں ونود کھنہ کو دیا گیا تھا۔ بچن کو مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ افسانوی گلوکارہ لتا منگیشکر نے کہا کہ انہیں اس خبر سے بہت زیادہ خوشی ہوئی۔ ڈائرکٹر سجیت سرکار جنہوں نے ’’پیکو‘‘ فلم بنائی تھی اور جس میں امیتابھ کو چوتھا فلم فیر ایوارڈ حاصل ہوا تھا انہوں نے کہا کہ انہیں امیتابھ پر فخر ہے۔ جنوبی ہند کے سوپر اسٹار ’’مموٹی‘‘ نے بھی بچن کو مبارکباد دی۔