نئی نسل کا تحفظ ضروری،رکن راجیہ سبھا سنتوش کمارکی ستائش
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن نے گرین انڈیا چیلنج مہم میں حصہ لیتے ہوئے راموجی فلم سٹی میں آج صبح شجرکاری میں حصہ لیا۔ ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے گرین انڈیا چیلنج تحریک شروع کی ہے جس نے قومی سطح پر مقبولیت حاصل کرلی۔ قومی سطح کی اہم شخصیتوں کے علاوہ بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ کی فلمی شخصیتوں نے بھی اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے شجرکاری کی۔ امیتابھ بچن نے گرین انڈیا چیلنج مہم کی ستائش کی اور کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کی مساعی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی سے ماحول کو پاک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور وہ ہر شہری سے اس پروگرام میں حصہ لینے کی اپیل کرتے ہیں۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ سنتوش کمار نے شجرکاری کی تحریک کو نئی جہت دی ہے جس سے آنے والی نسلوں کو صاف اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے۔ سنتوش کمار نے امیتابھ بچن کو گرین انڈیا چیلنج کی سرگرمیوں پر مشتمل کتاب بطور تحفہ پیش کی۔ انہوں نے گرین انڈیا چیلنج کے تحت تلنگانہ میں وقتاً فوقتاً چلائی جانے والی شجرکاری مہم سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہریتا ہرم اسکیم کے تحت شجرکاری کو فروغ دیا ہے۔ اس موقع پر فلم اسٹار ناگرجنا اور پروڈیوسر اشونی دت کے علاوہ منیجنگ ڈائرکٹر فلم سٹی ویجویشوری اور دیگر اہم شخصیتیں موجود تھیں۔